28 فروری ، 2020
آسٹریلیا میں جاری ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ بی کے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی اور انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔
انگلینڈ کو اننگز کے آغاز میں ہی 4 کے مجموعے پر نقصان اٹھانا پڑا جب ایمی جونز دو رنز بنا کر ڈیانا بیگ کا شکار بن گئیں۔
انگلینڈ کی دوسری وکٹ 47 رنز پر گری جب ڈینی ویٹ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔
دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد انگلش کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور 62 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
اس کے علاوہ نتالی سیور اور فران ولسن نے بالترتیب 36 اور 22 رنز کی اننگز کھیلیں۔
پاکستان کی جانب سے ایمن انور نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ندا ڈارنے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیانا بیگ اورعالیہ ریاض کے حصے میں بھی ایک ایک وکٹ آئی۔
انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی نہ دکھا سکی۔
اوپنر منیبہ 10 اور جویریہ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں جب کہ کپتان بسمہ معروف بھی صرف 4 رنز کی مہمان ثابت ہوئیں۔
پاکستان کی جانب سے صرف عالیہ ریاض انگلش بولرز کے خلاف تھوڑی مزاحمت دکھا سکیں اور وہ 41 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
پاکستان کی پوری ٹیم میچ کے آخری اوور میں 116 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور یوں 42 رنز کی شکست پاکستان کا مقدر ٹھہری۔
انگلینڈ کی جانب سے شرب سول اور سارا گلین نے 3، 3 جب کہ کیتھرین برنٹ اور سوفی ایکلیسٹون نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور انگلینڈ کی کپتان ہیتھر نائٹ میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔