کھیل
Time 28 فروری ، 2020

بسمہ معروف ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر

ایونٹ کے دوران انگلینڈ کے خلاف میچ میں بسمہ معروف کے دائیں انگوٹھے میں فریکچر ہوگیا ہے— فوٹو: فائل

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف انجری کے باعث آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 سے باہر ہوگئیں۔

ایونٹ کے دوران انگلینڈ کے خلاف میچ میں بسمہ معروف کے دائیں انگوٹھے میں فریکچر ہوگیا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ جمعہ کو کینبرا میں کھیلا گیا۔ میچ میں انگلینڈ نے 42 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بسمہ معروف کی جگہ ناہیدہ خان کا نام بطور متبادل کھلاڑی تجویز کیا ہے۔

ناہیدہ خان کے نام کی منظوری ایونٹ ٹیکنکل کمیٹی دے گی۔ بسمہ معروف کی عدم موجودگی میں جویریہ خان ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گی۔

بسمہ معروف ہفتے کو پاکستان ویمنز اسکواڈ کے ہمراہ سڈنی روانہ ہوں گی جہاں کرکٹ آسٹریلیا کے آرتھوپیڈک سرجن ان کی سرجری کریں گے۔

انگلینڈ کے خلاف میچ میں بسمہ معروف نے 4 رنز اسکور کیے تھے۔

میچ میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم 159 رنز کے تعاقب میں 116 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

ایونٹ میں پاکستان کی ٹیم اپنا اگلا میچ جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گی۔

ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی کے لیے پاکستان کو جنوبی افریقا اور پھر تھائی لینڈ کے خلاف میچ میں ہر صورت کامیابی کرنی ہے۔

مزید خبریں :