اسٹین کے مشوروں پر عمل کر کے بولنگ میں بہتری محسوس کر رہا ہوں: رومان رئیس

کوشش ہے کہ پی ایس ایل میں ڈیل اسٹین کے ساتھ جو موقع ملا ہے اس سے وہ پورا فائدہ اٹھاؤں اور اور جتنا سیکھ سکتا ہوں سیکھوں: میڈیم فاسٹ بولر۔ فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں ڈیل اسٹین کے ساتھ بولنگ کرانا اعزاز کی بات ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں رومان رئیس نے کہا کہ ڈیل اسٹین کے ساتھ بولنگ کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے، یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اسٹین جیسے لیجنڈ کے ساتھ بولنگ کرانے کا موقع مل رہا ہے۔

اٹھائیس سالہ فاسٹ بولر نے کہا یہی پاکستان سپر لیگ کی شان ہے اور مزہ بھی ہے کہ اس میں لیجنڈر پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع ملتا ہے۔

رومان رئیس نے کہا کہ وہ شروع ہی سے ڈیل اسٹین کو فالو کرتے آرہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ پی ایس ایل میں جو موقع ملا ہے اس سے وہ پورا فائدہ اٹھائیں اور جتنا سیکھ سکتے ہیں سیکھیں۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈیل اسٹین پی ایس ایل میں ہوں اور ان سے ٹپس نہ لیں تو یہ نا انصافی ہو گی۔

جب رومان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے ڈیل اسٹین سے کیا ٹپس حاصل کیں تو نوجوان فاسٹ بولر نے بتایا کہ انہوں نے جنوبی افریقی فاسٹ بولر سے لائن لینتھ اور سوئنگ کے حوالے سے پوچھا اور افریقی پیسر نے بتایا کہ کلائی کی پوزیشن کیا ہونی چاہیے، بطور بولر ٹارگیٹ کیا ہونا چاہیے۔

رومان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈیل اسٹین کے مشورے پر عمل کیا اور محسوس ہوا کہ ان کی سوئنگ میں بہتری آئی ہے۔

رومان رئیس کے مطابق ڈیل اسٹین نے بتایا کہ اِن سوئنگ کے لیے ٹارگٹ آف اسٹمپ کے ٹاپ کو رکھنا چاہیے تاکہ گیند جب فنش ہو تو وہ مڈل اور آف کے اندر ہی فنش ہو۔

پاکستان کی جانب سے نو ایک روز ہ میچز اور آٹھ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ اسٹین کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر رہے ہیں۔

فٹنس مسائل کی وجہ سے تقریبا ایک سال ایکشن سے باہر رہنے والے رومان رئیس نے کہا کہ وہ اب بہتر محسوس کررہے ہیں لیکن انہیں ابھی اور محنت کرنا ہے، خاص طور پر فٹنس کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور نئے بال پر کنٹرول کو بھی بہتر کرنا ہے۔

وکٹ لینے کے بعد خوشی منانے کے انداز کے حوالے سے رومان نے کہا کہ وہ کبھی بھی وکٹ حاصل کرکے جارح مزاجی کا مظاہرہ نہیں کرتے، ان کے "کول اینڈ کام " اسٹائل کو لوگوں نے پسند کیا ہے اور وہ اس ہی انداز سے وکٹ لینے کی خوشی مناتے ہیں۔

مزید خبریں :