Time 14 مارچ ، 2020
پاکستان

سندھ میں ایک اور صوبے کیلئے زور وشور سے کام کریں گے،ایم کیو ایم پاکستان

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما عامر خان کا کہنا ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کو موئن جو دڑو بنانے نہیں دیں گے، سندھ میں ایک اور صوبے کے قیام پر کام کریں گے۔

کراچی میں  ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،ڈپٹی کنوینر عامر خان اور رابطہ کمیٹی کے دیگر ارکان نے  پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر  خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صوبے کو پولیس اسٹیٹ بنانا چاہتی ہے،لاڑکانہ سے 75 پولیس اہلکاروں کو کراچی تعینات کردیا گیاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالات ہمیں سڑکوں پر آنے پر مجبور کررہے ہیں، ہم 50 سال سے کوٹہ سسٹم اور دیگر پابندیوں کی زد میں ہیں، قومیت کے نام پر شہری سندھ کو برباد کیاگیا اور تعلیم اور روزگار کے دروازے بند کردیے گئے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت میرٹ کے نام پر سب سے زیادہ کرپشن کررہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے حوالے سے بھی سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،فراہمی و نکاسی آب کا اختیار مقامی حکومتوں کے پاس ہونا چاہیے، متعصب سندھ حکومت نے فراہمی و نکاسی آب کے اختیار بھی سلب کیے ہوئے ہیں۔

'سندھ میں ایک اور صوبے کیلئے زور وشور سے کام کرینگے'

اس موقع پر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم عامر خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی نا انصافیوں کے سبب سندھ میں دوسرے صوبے کے نعرہ کو تقویت ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سندھ کے شہری علاقوں کو موئن جو دڑو بنانے نہیں دیں گے اور  سندھ میں ایک اور صوبے کے لیے زور وشور سے کام کریں گے۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ سندھ کے دیہی علاقے پہلے ہی سے موئن جو دڑوبن چکے ہیں، اپنے حقوق کے لیے ہم ہر فورم پر احتجاج کریں گے۔

مزید خبریں :