پاکستان
28 اگست ، 2012

کراچی، پرتشدد واقعات میں16افراد ہلاک

کراچی، پرتشدد واقعات میں16افراد ہلاک

کراچی… کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات جاری ہیں جس میں گذشتہ 24گھنٹوں میں16افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔صرف گذشتہ آدھے گھنٹے میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ پولیس کے مطابق جہانگیر روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ، اور لائنز ایریا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افرادجاں بحق ہو ئے جبکہ سہراب گوٹھ پر بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ اس سے قبلکراچی کے علاقے اورنگی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ ماڑی پورمیں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ کھارادر میں ہوٹل پر فائرنگ سے تین افراد شدید زخمی ہوئے جن میں سے دو افراد اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ لانڈھی 36 بی میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیاگیا،منظور کالونی میں چھریوں کے وار سے 18 سالہ نوجوان کو قتل کردیا گیا۔ گارڈن میں جھنڈا چوک کے قریب فائرنگ سے 26 سالہ نوجوان کوہلاک کردیا جس کی شناخت سلمان خان کے نام سے ہوئی۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں مرتضیٰ چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ بلدیہ ٹاوٴن میں فائرنگ سے گزشتہ روز زخمی ہونے والا ایم کیو ایم کا کارکن رفیق دوران علاج اسپتال میں چل بسا۔اس سے قبل صبح کوملیر کے علاقے میمن گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ تین افراد زخمی ہوئے مقتول کی شناخت عرض جوکھیو کے نام سے ہوئی، لیاری میں احمد شاہ بخاری روڈ سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی، مقتول کو گولیاں مارکرقتل کیا گیا۔ ناظم آباد کے علاقے اورنگ آباد میں مکان سے خاتون کی کئی روز پرانی لاش ملی۔

مزید خبریں :