Time 08 اپریل ، 2020
پاکستان

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری دے دی

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری دے دی جس پر عمل درآمد 17 اپریل سے شروع ہوگا۔

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی کا کہنا ہے کہ عوام کو رمضان میں 19 اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی،رمضان ریلیف پیکج پرعملدرآمد 17 اپریل سے شروع ہو گا۔

اس کے علاوہ ای سی سی اجلاس میں بجلی صارفین کے ریلیف سے متعلق کوئی فیصلہ نہ ہوسکا، حکومت نے بجلی صارفین کو 185 ارب روپے کا ریلیف پیکج دینے کی سفارش کی ہے۔

عمر لودھی کا کہنا ہے کہ رمضان ریلیف پیکج پر عملدرآمد 17 اپریل سے عید تک جاری رہے گا، یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے میں دستیاب ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت مشروبات پر 15 فیصد، بیسن پر 10 فیصد، کھجور پر اوپن مارکیٹ کی نسبت کم از کم 5 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔

یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کے تحت چائے پر 8 سے 10 فیصد سبسڈی ہو گی جبکہ ای سی سی نے مزید یوٹیلٹی اسٹورز کھولنے کی بھی ہدایت کر دی ہے اور ایک ماہ کے اندر مزید 200 یوٹیلٹی اسٹورز کھولے جائیں گے۔

مزید خبریں :