27 اپریل ، 2020
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت 18 ویں ترمیم کو ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔
پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم کی اہمیت اور افادیت سے کوئی انکار نہیں کررہا، حکومت 18 ویں ترمیم کو ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔
انہوں نے کہا کہ جس مقصد کیلئے 18 ویں ترمیم لائی گئی دیکھنا ہے کیا اس کی روح پر عمل ہوا؟
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ صوبوں کو مرکزی حکومت کے ساتھ بیٹھ کر اس سارےعمل کا ازسرنو جائزہ لینا ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ 18 ویں ترمیم صحیح سمت کی طرف قدم تھا لیکن ابھی بھی نامکمل ہے کیونکہ صوبائی حکومتوں تک تو اختیارات پہنچ گئے تاہم مقامی حکومتوں کو اختیارات نہیں ملے۔
ان کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم میں کچھ خامیاں نظرآئی ہیں اور ہمیں تجربہ بھی حاصل ہوگیا ہے ، تمام سیاسی جماعتیں اس پر بیٹھ کر بات کرسکتی ہیں۔
18 ویں ترمیم کے حوالے سے بیان پر اپوزیشن کی جانب سے سخت ردعمل دیا گیا ہے۔