08 فروری ، 2012
کراچی … پی آئی اے نے ملکی اوربین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں اضافہ کردیاہے، اندرون ملک کایک طرفہ ٹکٹ 400 روپے اور بیرون ملک کا دوہزار124روپے تک مہنگا کردیا گیا ہے۔ پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ فیول سرچارج میں اضافہ کیا گیا ہے جو ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظرہے۔اس سے پہلے پی آئی اے نے اگست میں بھی فیول سرچارج میں اضافہ کیا تھا۔ فیول سرچارج میں اضافے سے متعلق نوٹیفکیشن کے مطابق اندرون ملک پی آئی اے کی تمام پروازوں کے یکطرفہ ٹکٹ میں 400 کا اضافہ ہوا ہے جبکہ بین الاقوامی پروازوں میں جدہ کیلئے یک طرفہ ٹکٹ میں ایک ہزار روپے، دبئی کے یکطرفہ ٹکٹ پر 800 روپے اور کوالالمپور کے یکطرفہ ٹکٹ میں 748 روپے فیول سرچارج کی مد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح نیویارک اور ٹورنٹو کے یک طرفہ ٹکٹ میں 2 ہزار 124 روپے اور لندن کے یک طرفہ ٹکٹ میں 1960 روپے فیول سرچارج کی مد میں اضافہ اضافہ کیا گیا ہے۔ پی آئی اے نے فیول سرچارج میں اضافے کی وصولی فوری طور پر شروع کردی ہے۔