08 مئی ، 2020
احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت کیٹگری تھری کے مستحقین کو 12 ہزار روپے امداد دینے کا مرحلہ شروع ہو گیا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر برقعہ پہن کر ایمرجنسی کیش سینٹر پہنچ گئیں اور مستحق افراد کی لائن میں لگ کر امداد کی تقسیم کا جائزہ بھی لیا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر احساس پروگرام کے تحت ایمرجنسی کیش مستحقین میں تقسیم کیا جارہا ہے اور اس کیلئے 144 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
کیٹگری تھری کے تحت مستحق افراد کو 12 ہزار روپے ملک بھر میں دیے جارہے ہیں۔
حساس ایمرجنسی کیش لینے والوں کو مسائل کا سامنا تو نہیں؟ کیا سینٹرز میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کیے گئے ہیں اور کیش سینٹرز میں عملے کا لوگوں سے رویہ کیسا ہے؟ یہ دیکھنے لینے ڈاکٹر ثانیہ نشتر خود برقعہ پہن کر اسلام آباد کے احساس ایمرجنسی کیش سینٹر بری امام پہنچ گئیں۔
کسی کو شک نہ ہو اسی لیے بائیو میٹرک تصدیق کرانے والے مستحق افراد کے ساتھ ہی بیٹھ کر اپنے نمبر کا انتظار کرتی رہیں۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے اچانک فیلڈ میں جانے سے اصل حقائق سے آگاہی ہوتی ہے اور اس سے پروگرام کے عمل درآمد میں مزید بہتری آئے گی۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ مستحقین کی اکثریت مزدور طبقہ ہے، جو کرونا وائرس کے باعث بری طرح متاثر ہوا۔ سینٹر میں موجود امداد لینے والے حکومت کے اس اقدام پر انتہائی خوش اور مشکور دکھائی دیے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے 144 ارب کا احساس ایمرجنسی کیش پروگرام سماجی تحفظ کا بڑا پروگرام ہے جس میں ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کی مشکل وقت میں امداد کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کیٹگری ون اور ٹو میں 73 لاکھ خاندانوں کو 89 ارب 14 کروڑ روپے دیے جا چکے ہیں۔