14 مئی ، 2020
وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں ایک اور غیر منتخب شخصیت کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعدکابینہ میں غیر منتخب افراد کی تعداد بڑھ کر 19 ہوگئی ہے۔
عمران خان کی کابینہ میں حال ہی میں سیاسی رابطہ کاری میں معاونت کیلئے غیر منتخب شخصیت ڈاکٹر شہبازگل کا انتخاب کیا گیا ہے جس کے بعد کابینہ کا مجموعی حجم بڑھ کر 51 ہوگیا ہے جس میں سے 19 افراد غیر منتخب ہیں۔
وفاقی کابینہ میں وزراء کی کل تعداد 27 ، وزرائے مملکت 4 جب کہ مشیروں کی تعداد 5 ہے ، اس کے علاوہ وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی تعداد 15 ہوچکی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے 2 معاونین کے پاس وفاقی وزیر کا درجہ ہے جن میں معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ثانیہ نشتر اور معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب شامل ہیں۔
وزارت اطلاعات کے معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ بھی غیرمنتخب شخصیت ہیں جب کہ کابینہ کے غیر منتخب ارکان میں 7 ڈاکٹرز شامل ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نے 6 اہم وزارتوں کا قلمدان اپنے پاس رکھا ہوا ہے، وزیراعظم تجارت، ماحولیاتی تبدیلی، پارلیمانی امور، خزانہ اور وزارت صحت کے وزیر بھی ہیں جب کہ وزارت سمندر پار پاکستانیز کا قلمدان بھی ان کے پاس ہے۔