24 مئی ، 2020
کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کورونا وبا سے متاثرہ معصوم بچوں کے اعدادوشمار جاری کردیے۔
اپنے ویڈیو بیان میں مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ 2 مئی تک سندھ میں کورونا سے متاثرہ معصوم بچوں کی تعداد 253 تھی جس میں صرف 20 روز میں 3 گنا اضافہ ہوگیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں 10 برس تک کے کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد 788 ہو گئی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ان بچوں کو کسی اور نے نہیں ہم نے خود متاثر کیا ہے، ہم گھروں سے باہر جاکر کورونا اپنے گھروں میں لے کر آئے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم لاک ڈاؤن پابندیوں اور احتیاطی تدابیر پر کتنا عمل کررہے ہیں؟
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں، حکومتی پابندیاں ہمارے بہتر مستقبل کے لیے ہیں، پابندیوں کا اطلاق حکومتی ارکان سمیت ہر شہری پر ہوتا ہے، خدارا حکومتی ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد کریں، کہیں ایسا نہ ہو کہ بہت دیر ہوجائے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد 54 ہزار سے زائد ہے اور ہلاکتیں 1100 سے بڑھ گئی ہیں جب کہ سندھ میں کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جہاں اب تک 21 ہزار سے زائد کیسز اور 300 سے زائد ہلاکتیں ہیں۔