شہباز شریف کمرے سے باہر نکلیں تو انہیں حقائق کا پتا چلے: فیاض چوہان

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کمرے سے باہر نکلیں تو انہیں حقائق کا پتا چلے، وہ  دبنگ بننے کے بجائے ملنگ بن کر ماسک لگائے بیٹھے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے بیان  پر  ردعمل  میں فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بتائیں کہ مسلم لیگ (ن) کا اب تک کورونا کے خلاف کیا کردار ہے؟ ن لیگ نے ایک دھیلےکا خرچہ کورونا کےحوالے سے نہیں کیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان’کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘ کے نعرے پر عمل پیرا ہے، بطور اپوزیشن لیڈر قوم کو اس مشکل وقت میں لیڈکرنا شہباز شریف کا فرض بنتا تھا لیکن انہوں نے اپنی بے عملی سے شدید مایوس کیا ہے۔

فیاض چوہان کا مزید کہنا تھا کہ آج پنجاب میں یومیہ ٹیسٹنگ 5 ہزار تک پہنچ چکی ہے، 9 لیبارٹریز کو بی ایس ایل تھری لیول پراپ گریڈ کیاگیا ہے اور صوبے میں قرنطینہ مراکز اور آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد اوراموات میں اضافے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ٹیسٹنگ کے ڈیٹا کے بارے میں قوم کو بتایاجائے اور پھیلاؤ کو روکنے کی حکمت عملی کیا ہے؟ تفصیل بتائی جائے، اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حکومت حکمت عملی کیا ہے؟ قوم کو آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلاکر حالات کا جائزہ لیا جائے اور موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ازسرنو حکمت عملی کا تعین کیا جائے۔

مزید خبریں :