08 جون ، 2020
کراچی: ملیر میمن گوٹھ کے ایک فارم ہاؤس میں پارٹی کے دوران ایک نوجوان مبینہ طور پر زہریلی چیز پینے سے پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملیر میمن گوٹھ کے ایک فارم ہاؤس سے تین نوجوان اپنے ایک دوست زوہیب کی لاش لے کر گلستان جوہر میں واقع دارالصحت اسپتال پہنچے تھے۔
پولیس نے بتایا نوجوانوں نے بیان دیا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ملیر میمن گوٹھ کے ایک فارم ہاؤس پر رات کو پکنک منانے گئے تھے لیکن اس دوران وہاں کچھ کھانے یا پینے سے زوہیب کی حالت بگڑ گئی جسے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ انتقال کر گیا۔
پولیس نے مزید چھان بین کیلئے تینوں نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
ڈاکٹر کے مطابق زہریلی چیز پینے سے زوہیب کی موت واقع ہوئی ہے تاہم پوسٹ مارٹم کرنے کیلئے لاش جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔