Time 11 جون ، 2020
پاکستان

کورونا کیسز اور اموات میں اضافہ، سندھ حکومت کا دوبارہ لاک ڈاؤن پر غور

سندھ میں کورونا کیسز اور اموات کی شرح میں مسلسل اضافے کے پیش نظر صوبائی حکومت نے صوبے بھر میں دوبارہ لاک ڈاؤن پر غور شروع کردیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی ادارہ صحت کی تجاویز وسفارشات پر پارٹی قیادت سے مشاورت کی۔

عالمی ادارہ صحت کے تجویز کردہ دوہفتوں کے مکمل لاک ڈاون اور دیگر پابندیوں پر حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی مشاورت سے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وِزیراعلی ٰسندھ مرادعلی شاہ کی اس معاملے پر عالمی ادارہ صحت کی تجاویز وسفارشات پر پارٹی قیادت سے مشاورت بھی ہوئی ہے۔ سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے معاملے پر وفاقی حکومت کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا اور چاروں صوبائی حکومتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔

سندھ حکومت کا مؤقف ہے کہ کورونا وائرس کی حالیہ صورتحال کا تقاضہ ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی سفارشات پر عمل کیا جائے۔ کابینہ ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ اراکین کی تجویز کے مطابق سخت لاک ڈاؤن کرکے مقررہ دنوں میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کی جاسکتی ہے، اس سے وائرس کا پھیلاؤ نہیں روک سکتے تاہم کورونا مریضوں کو ٹریس کرکے آئسولیٹ ضرور کرسکتے ہیں۔

اس ضمن میں وزیراعلی ٰسندھ مراد علی شاہ نے کابینہ کے سینیئر ارکان سے بھی مشاورت کی ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی گزشتہ روز اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کا عندیہ دیا تھا۔

مزید خبریں :