16 جون ، 2020
بھارت نے تمام سفارتی آداب اور معاہدوں کی دھجیاں بکھیر دیں اور بھارتی سیکیورٹی ایجنسیز کی جانب سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستانی ہائی کمیشن کو سیکیورٹی فورسز کی بھاری تعداد نے گھیر رکھا ہے اور یہ محاصرہ گزشتہ روز بھی کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں نے راہگیر کو گاڑی کی ٹکر مار کر شدید زخمی کیا تھا اور فرار ہونے کی کوشش کی تو موقع پر موجود شہریوں نے ان دونوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔
تاہم بعدازاں سفارتی استثنیٰ ہونے کی وجہ سے دونوں اہلکاروں کو مقدمہ درج کرکے رہا کردیا گیا۔
اُدھر پاکستان کے اس سفارتی احترام کے برعکس بھارتی سیکیورٹی فورسز نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کا گھیراؤ کرلیا تھا،اس دوران پاکستانی ہائی کمیشن سے کسی کو باہر جانے یا اندر آنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔
اس حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئی دلی میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے، پاکستانی سفارتکاروں کوروزانہ کی بنیادپر بھارتی سیکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سےہراساں کیا جارہاہے۔
ترجمان نے کہا کہ نئی دلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو پولیس کی طرف سے بھی دھمکایا جا رہا ہے، پاکستانی سفارتکاروں کوان کی دفتری اورسفارتی ذمہ داریوں سےروکنےکی کوشش کی جارہی ہے، پاکستانی سفارتکاروں کے ساتھ بھارتی حکومت کا رویہ عالمی سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے۔