Time 16 جون ، 2020
پاکستان

وزیرا‏عظم کے دورہ سندھ ميں پروٹوکول کیلئے گاڑیاں طلب کرلی گئیں

وزیرا‏عظم عمران خان کے دورہ سندھ کے موقع پر پروٹوکول کی گاڑیوں کی مانگ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

ایڈیشنل کمشنر لاڑکانہ کی جانب سے سکھر اور حیدر آباد ڈویژن کی انتظامیہ کو پروٹوکول کے لیے گاڑیاں فراہم کرنے کا مراسلہ بھیجا گیا ہے جس میں وزیراعظم کے 17 جون کو لاڑکانہ اور جیکب آباد کے دورے کے لیے پروٹول کی گاڑیوں کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مراسلے میں حیدر آباد ڈویژن انتظامیہ کو 16 اور سکھر انتظامیہ کو 6 گاڑیاں فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا گيا ہے کہ سکھر اور حیدر آباد ڈویژن کے ہر ضلع سے ایک پراڈو یا فورچیونر جیپ اور ایک ٹویوٹا کورولا جی ایل آئی ڈرائیور کے ساتھ فراہم کی جائے۔

ایڈیشنل کمشنر لاڑکانہ کے مراسلے میں کہا گیا کہ سندھ حکومت کے پروٹوکول ڈپارٹمنٹ کی ہدایت پر یہ مراسلہ بھیجا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے  پروٹوکول کے مطالبے کی تردید کی ہے اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہا ہےکہ وزیرا‏عظم عمران خان کسی قسم کے پروٹوکول پر یقین نہيں رکھتے نہ ہی وزیراعظم آفس کی طرف سے ایسی کوئی درخواست کی گئی ہے بلکہ یہ سندھ حکومت کا خط ہے۔

مزید خبریں :