ائیرپورٹ پر بیرون ملک سے آنیوالے تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ ہونگے، معید یوسف

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن معید یوسف کا کہنا ہے کہ  ائیر پورٹس پر بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں  معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معید یوسف کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والے  جن مسافروں میں وائرس کی علامات ہوں گی ان کو قرنطینہ کیا جائے گا۔

معید یوسف کا کہنا تھا کہ 18 مہینے میں 9 لا کھ80 ہزار افراد بیرون ملک روزگار کے لیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں 8 ائیرپورٹس آپریشنل ہیں، بیرون ملک سے آنے والے تمام افراد کے کورونا  کے ٹیسٹ ہوں گے۔

جن کی نوکریاں ختم ہوچکیں  ان کو پہلے آنے دیں،زلفی بخاری

اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی جو چھٹیوں پر ہیں ان سے درخواست ہے کہ وہ ابھی واپس نہ آئیں،جن لوگوں کی بیرون ملک نوکریاں ختم ہوچکیں  ان کو پہلے  آنے دیں۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ 80 ہزار افراد کو وطن واپس لایا گیا ہے جب کہ کورونا کے باوجود 20 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات زر پاکستان میں آئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے پاکستانی بھائیوں کی امداد پر شکریہ اداکرتا ہوں۔

خیال رہے کہ  گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے لیے گرین سگنل دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے اوورسیزپاکستانیوں کے لیے مرحلہ وار انٹرنیشنل فلائٹس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ابتدائی طورپر عرب ممالک کے لیے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور سب سے پہلے بےروزگار ہونے والے مزدور اور محنت کشوں کو وطن واپس لایا جائے گا،خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی کے بعد اگلا مرحلہ شروع ہوگا۔

یاد رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 21 مارچ سے بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد کررکھی ہے جس کے باعث بیرون ملک سے وطن واپس آنے کے خواہش مند لاکھوں پاکستانی پریشانی کا شکار ہیں۔

مزید خبریں :