اعصام الحق نے شیروانی پہن کر راجر فیڈرر کے چیلنج کا جواب دے دیا

پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق نے لاک ڈاؤن میں ٹینس کے  وال والیز چیلنجز میں ایک انوکھے انداز میں انٹری ڈال دی ہے۔

  اعصام الحق نے اپنی شادی کے روز پہنا گیا لباس شیروانی اور پگڑی کو ایک بار پھر زیب تن کیا اور دو منٹ تک وال والیز کیں اور سوئس ٹینس اسٹار  راجر فیڈرر کے چیلنج کا جواب دیا۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں  اعصام الحق کا کہنا تھا کہ وہ یہ ویڈیو ان تمام افراد کے نام کرنا چاہتے ہیں جن کی شادی لاک ڈاؤن کے دوران ہوئی، ان کی اپنی شادی بھی لاک ڈاؤن کے دوران ہی ہوئی تھی۔

اعصام الحق نے 2 منٹ سے زائد اس ویڈیو میں دیوار پر 213 والیز کھیلیں۔

 قومی ٹینس اسٹار نے کہا کہ بھاری لباس پہن کر اور پگڑی کو سنبھالتے ہوئے ٹینس والیز میں بیلنس برقرار رکھنا مشکل ٹاسک تھا لیکن اس کو انہوں نے خوب انجوائے کیا۔


یاد رہے کہ وال والیز کا سلسلہ لاک ڈاون کے آغاز میں سوئٹزرلینڈ کے ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے شروع کیا تھا، فیڈرر کی ویڈیو کے بعد دیگر ٹینس پلیئرز نے بھی وال والیز چیلنج میں اپنی ویڈیوز پوسٹ کی ہیں۔

پاکستان کی خاتون ٹینس پلیئر اشنا سہیل نے بھی لاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھر کے لان میں وال والیز چیلنج مکمل کرکے اپنی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی جس کو بھرپور پذیرائی ملی تھی۔

مزید خبریں :