18 جون ، 2020
سندھ پولیس کے مزید 2 اہلکار کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر انتقال کرگئے جس کے بعد وبا سے جاں بحق اہلکاروں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
سینیئر سپرنٹنڈٹ آف پولیس( ایس ایس پی) جنوبی شیراز نذیر کے مطابق ڈیفنس تھانے میں تعینات 56 سالہ غلام مصطفٰی ستی کی کورونا وائرس سے موت راولپنڈی میں ان کے نواحی علاقے میں ہوئی ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق غلام مصطفٰی ستی 13 جون کو چھٹی پر پنجاب گئے تھے، 16 جون کو انہیں طبیعت خراب ہونے پر اسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے اسپتال میں داخل کرلیا اور آج شام ان کی موت واقع ہوگئی۔
ایسٹ پولیس ہیڈکوارٹر کے سیکیورٹی ٹو میں تعینات پولیس کانسٹیبل ممتاز الدین کی بھی گزشتہ رات کورونا وائرس سے موت واقع ہوئی ہے۔
سیکیورٹی ٹو کے کمپنی کمانڈر رفیق منگی کے مطابق 55 سالہ ممتاز الدین کی طبیعت دو ہفتے پہلے خراب ہوئی تھی، ان کے فیملی ممبران نے اپنے طور پر انہیں لیاقت نیشنل اسپتال میں داخل کرایا تھا جہاں گزشتہ رات ممتاز الدین انتقال کرگئے۔
پولیس کے مطابق انہیں کراچی کے علاقے عزیز آباد میں سپردخاک کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق صوبے میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔
جمعرات کو سندھ پولیس کے مزید 51 پولیس اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثر ہونے والے اہلکاروں کی مجموعی تعداد 924 بتائی گئی ہے جن میں سے 233 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
سندھ پولیس ترجمان کے مطابق 672 پولیس اہلکار ابھی بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہیں جو مختلف اسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز میں زیر علاج یا اپنے گھروں پر آئسولیشن میں ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق سینٹرل پولیس آفس کے کورونا سے متاثر 28 اہلکاروں میں سے 27 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
انسپکٹر جنرل پولیس سندھ کی کراچی میں رہائش گاہ کے 23 اہلکار بھی کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق کراچی پولیس رینج کے 540 افراد اس عالمی وبا کی لپیٹ میں آچکے ہیں جن میں سے 179 صحت یاب ہوچکے جب کہ 356 پولیس ملازمین ابھی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔
حیدرآباد پولیس کے 42 پولیس اہلکاروں میں سے 11، میرپور خاص پولیس کے 11میں سے 5، سکھر پولیس کے 29 میں سے 6، لاڑکانہ پولیس کے 38 پولیس اہلکاروں میں سے 6 صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ آر آر ایف، اسپیشل برانچ اور سندھ ریزرو پولیس کے ایک ایک ملازم میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔
اسپیشل برانچ کے 9 اہلکاروں میں سے ایک، کرائم برانچ اور انویسٹی گیشن کے 3 اہلکاروں میں سے ایک تندرست ہوچکا ہے۔
ٹی این ٹی کے 18 پولیس اہلکاروں میں سے 3 کا انتقال ہوا جب کہ ایک صحت یاب ہوچکا ہے۔
ٹریننگ برانچ کے 78 جب کہ کراچی ٹریفک پولیس کے 51 پولیس اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جن میں سے 10 ٹریفک اہلکار صحت یاب ہوچکے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس موذی مرض سے شاہ فیصل کالونی تھانے کے ایس ایچ او سمیت 22 اور شاہراہ نورجہاں تھانے کے انچارج سمیت 21 پولیس اہلکاروں میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔