03 جولائی ، 2020
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کرکٹرز کی فٹنس سے خوش ہیں اور کہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو بہتر حالت میں دیکھ کر بہت اچھا لگا، امید ہے سیریز میں کرکٹرز اچھا کھیلیں گے ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے شہر ووسٹر میں قیام پزیر ہے جہاں وہ بائیو سیکور ماحول میں رہتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
ٹریننگ سیشنز کے دوران پاکستان ٹیم دو انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز بھی کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے آسٹریلیا سے انگلینڈ پہنچ کر ٹیم کو جوائن کیا۔ وقار یونس پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد لاہور سے سڈنی چلے گئے تھے اور فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے وقار یونس پاکستان نہیں آ سکے تھے۔
وقار یونس کا کہنا ہے کہ ووسٹر میں جونہی کرکٹرز کے کویڈ 19 ٹیسٹ منفی آئے سب کرکٹرز نے فوری طور پر ٹریننگ کا آغاز کر دیا کیونکہ تین ساڑھے تین ماہ سے گراونڈ میں نہیں جا سکے تھے۔
وقار یونس نے کہا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ کھلاڑی بڑی بہتر حالت میں ہیں اور انہوں نے خود کو فٹ رکھا ہوا ہے، اگرچہ وہ کھلاڑیوں سے مل نہیں سکتے تھے لیکن مختلف طریقوں سے کھلاڑیوں سے رابطہ رکھا اور ان کی رہنمائی جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ پہلی امید تو یہی ہے کہ کووڈ 19 ختم ہو گا اور صورتحال نارمل ہو جائے گی لیکن اگر وائرس لمبا چلا تو ہو سکتا ہے کہ آئی سی سی کو گیند چمکانے کے لیے کوئی اور طریقہ بھی تلاش کرنا پڑے۔