پاکستان
Time 04 جولائی ، 2020

صحافتی تنظیموں کی 24 نیوز کا لائسنس معطل کرنے کی مذمت

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) اور  ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز  نے   پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے نیوز چینل ٹوئنٹی فور (24) کا لائسنس معطل کرنے کی مذمت  کی ہے۔

پاکستان براڈ کاسٹرزایسوسی ایشن نے پیمرا کی جانب سے چینل ٹوئنٹی فورکی معطلی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے پیمرا کے اقدام سے چینل میں کام کرنے والے سیکڑوں افراد کے ذریعہ معاش کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک طرف پیمرا مختلف کیٹیگریز میں نئے لائسنسز کا اجراء کررہا ہے جس کی موجودہ اینالاگ سسٹم میں گنجائش نہیں ہے اور دوسری طرف پہلے سے آن ائیر چینلز کے لائسنس پروسیجرل ایشوز کی وجہ سے معطل کررہا ہے۔

پی بی اے نے مطالبہ کیا کہ پیمرا چینل ٹوئنٹی فور کی معطلی کو واپس لے اور چینل کو شفاف اور ہمدردانہ سماعت کا موقع دے کر معاملے کو حل کیا جائے۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ  کے صدر اور جنرل سیکرٹری نے مشترکہ بیان میں پیمرا پر زور دیا ہے کہ وہ چینل ٹوئنٹی فور کی معطلی کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے، چینل کافی عرصے سے آپریشنل ہے، اس کی بندش سے سیکڑوں صحافی متاثر ہوں گے۔

’پیمرا کا یہ اقدام چینل کے ورکنگ صحافیوں کو بے روزگار کرے گا‘

دوسری جانب ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے پیمرا کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام آزادی صحافت کو دبانے کی کوشش ہے اور پیمرا کا یہ اقدام چینل کے ورکنگ صحافیوں کو بے روزگار کرے گا۔

ایسوسی ایشن نے بھی مطالبہ کیا کہ چینل 24 کی منیجمنٹ کودیگر چینلز کی طرح اپنا لائسنس تبدیل کرانے کا موقع دیا جائے۔

پیمرا کا مؤقف

اُدھر پیمرا اعلامیے کے مطابق سینٹرل میڈیا نیٹ ورک جاری شدہ لائنس کے تحت ویلیو ٹی وی چینل پر انٹرٹینمنٹ سے متعلق مواد چلانےکا مجاز تھا جب کہ کمپنی ٹوئنٹی فور نیوز کے نام سے نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز پر مبنی مواد نشر کررہی تھی لہٰذا چینل کا لائسنس فوری طورپرمعطل کردیا گیا ہے۔

چینل ٹوئنٹی فور نے پیمرا کے اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی چینل 24 کی بندش کی شدید مذمت کی اور فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینل 24 کا مؤقف سنے بغیر اسے آف ائیر کرنا ظلم، زیادتی اور فسطائیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا صنعت تباہ کرنے کے بعد کورونا کی خراب صورتحال میں مزید بیروزگاری پھیلائی جارہی ہے، تنقید سے گھبرائی حکومت کے لیے آسان راستہ، چینل، زبان اور ادارہ بند کرنا رہ گیا ہے۔

خیال رہے کہ پیمرا اس سے قبل نیو ٹی وی کا لائسنس بھی معطل کرچکا ہے جس کے خلاف چینل نے عدالت سے رجوع کیا تھا اور لاہور ہائیکورٹ نے 'نیو ٹی وی' کی نشریات بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :