پاکستان
Time 02 اپریل ، 2018

پیمرا کا جیو کے تمام چینلز 24 گھنٹوں میں اصل پوزیشن پر بحال کرنے کا حکم


پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو کے چینلز کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے کیبل آپریٹرز کو 24 گھنٹوں میں تمام چینلز کو اصل پوزیشن پر بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یمرا کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق اتھارٹی نے کسی بھی چینل کی بندش یا پوزیشن کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی احکامات جاری نہیں کیے اس لیے کسی بھی لائسنس یافتہ ٹی وی چینل کی بندش پیمرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

پیمرا کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کا عکس۔

پیمرا نے کیبل آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ جیو سمیت تمام لائسنس یافتہ ٹی وی چینلز کی نشریات کو کیبل نیٹ ورکس پر یقینی بنائیں۔

پیمرا کے مطابق اگر ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 30 کے تحت کیبل آپریٹرز کے لائسنس منسوخ کر دیئے جائیں گے۔

پیمرا نے قوانین کی خلاف ورزی پر وطین ملٹی میڈیا لاہور، ورلڈ کال کیبل لاہور اور کراچی کے لائسنسوں کی معطلی کا نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔

’جیو نیوز کو بحال نہ کیا گیا تو پیمرا ایکٹ کے تحت کیبل آپریٹرز کے لائسنس ختم کر دیں گے‘

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا جیو نیوز کی بندش کے حوالے سے کہنا تھا کہ جیو نیوز کو بند کرنے والے کیبل آپریٹرز کا لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جیو نیوز کو بحال نہ کیا گیا تو پیمرا ایکٹ کے تحت کیبل آپریٹرز کے لائسنس ختم کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جیو نیوز کی بندش کے حوالے سے گزشتہ دو ہفتے سے بہت زیادہ شکایات آئی ہیں، کیبل آپریٹرز کی جانب سے جیو نیوز کی معطلی اور پوزیشن کی تبدیلی پیمرا قوانین کے خلاف ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ جیو نیوز کو بند کرنا پیمرا قوانین اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، کوئی بھی چینل اس وقت تک بند نہیں ہو سکتا جب تک وہ پیمرا ایکٹ کی خلاف ورزی نہ کرے۔

مزید خبریں :