دنیا
Time 10 جولائی ، 2020

بھارت: پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث گینگسٹر انکاؤنٹر میں ہلاک

فوٹو: بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارت میں 8 پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث گینگسٹر پولیس انکاؤنٹر میں مارا گیا۔

بھارتی شہر کانپور میں 3 جولائی کو پولیس اور گینگ وار کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس میں 8 پولیس اہلکار مارے گئے تھے جب کہ واقعے کے بعد گینگسٹر وکاس دوبے فرار ہوگیا تھا جسے پولیس نے گزشتہ روز ہی ایک ہفتے بعد مدھیا پردیش سے گرفتار کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم وکاس دوبے جمعہ کی صبح فرار کی کوشش کرتے ہوئے پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا بتانا ہےکہ وکاس دوبے کو مدھیا پردیش سے کانپور منتقل کیا جارہا تھا کہ اس دوران پولیس کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا اور گاڑی پلٹ گئی جس سے پولیس اہلکار اور ملزم بھی زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ملزم نے زخمی اہلکار سے اس کا سرکاری اسلحہ چھینا اور قریبی علاقے میں فرار ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے اس کا محاصرہ کرلیا اور سرینڈر کرنے کا کہا لیکن ملزم نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی جس پر پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم زخمی ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کےمطابق پولیس حکام نے بتایا کہ وکاس دوبے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ ہلاک ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وکاس دوبے کو گزشتہ روز مدھیا پردیش کے ایک مندر سے ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا گیا جہاں اسے مندر کے سیکیورٹی گارڈ نے شناخت کیا جب کہ اس دوران اس کا گارڈ سے آمنا سامنا بھی ہوگا لیکن گارڈ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

یو پی پولیس حکام کا کہنا ہےکہ ملزم کے کئی ساتھیوں کو گرفتار اور ہلاک بھی کیا جاچکا ہے جس کی وجہ سے اس نے خود کو بچانے کی کوشش کی جب کہ وکاس دوبے کی گرفتاری سے ہی چند گھنٹے قبل اس کے مزید 2 ساتھیوں کو اترپردیش میں ہی انکاؤنٹر میں ہلاک کیا گیا۔

مزید خبریں :