پاکستان
Time 12 جولائی ، 2020

'آپ کسی اور ملک میں ہوتے تو 'چُن' دیے جاتے'

فوٹو فائل—

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہباز گِل نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کی ایک ٹوئٹ  پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ن لیگی رہنما احسن اقبال نے گزشتہ روز  ٹوئٹر پر اپنی اور شاہد خاقان عباسی کی ایک تصویر ری ٹوئٹ کی جس پر انہوں لکھا کہ ہم کو اس شہر میں تعمیر کا سودا ہے جہاں لوگ معمار کو چن دیتے ہیں دیوار کے ساتھ۔

اس ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے  معاون خصوصی شہباز گِل نے کہا کہ شکر منائیں کہ آپ جیسے معمار پاکستان میں پائے جاتے ہیں۔

شہباز گل نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  اگر باہر کسی ملک میں اورنج لائن جیسے سفید ہاتھی کو عوام کے سر تھوپنے کی کوشش کرتے تو آپ جیسے نااہل ''معماروں'' کو محاورتاً نہیں حقیقتاً ''چُن'' دیا جاتا یا اس کھجور کے درخت کے ساتھ باندھ دیا جاتا جو آپ نے لاکھوں روپے میں بیچے۔

علاوہ ازیں شہباز گل نے ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کے باوجود برآمدات میں اضافہ ہونے پرمریم صاحبہ کو رنج ہے،  آج 5 ہزار ارب روپے قرض واپس کرنے والے سے سوال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2سال میں معیشت کو درست سمت لے جانے پر استعفیٰ مانگا جا رہا ہے درحقیقت بلومبرگ، موڈیز، ورلڈ بینک کا معاشی استحکام کی تعریف کرنا انہیں چبھ رہا ہے۔

معاون خصوصی نے سوالیہ انداز میں کہا کہ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مثبت کرنے کی پاداش میں عمران خان مستعفیٰ ہوں؟ حالانکہ ن لیگ ہوتی تو زلزلہ زدگان کی رقم کی طرح 1200 ارب بھی جیبوں میں ڈالا جاتا۔

مزید خبریں :