13 جولائی ، 2020
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی لیبر یونین کے تحت اسٹیل ملز میں جبری برطرفیوں کے خلاف کراچی میں مظاہرہ کیا گیا جب کہ مظاہرین نے ایڈیٹر اِنچیف جنگ اور جیو گروپ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کے خلاف بھی احتجاج کیا۔
انصاف لیبر یونین نے اسٹیل ملز میں جبری برطرفیوں کے خلاف آئی آئی چندریگر روڈ پر مظاہرہ کیا۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیل ملز سی بی اے کے صدر یاسین جامڑو نےکہا کہ موجودہ حکومت نے ہمارا سودا کر دیا اور ایک بار بھی رابطہ نہیں کیا۔
یاسین جامڑوکا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے اسٹیل ملز روس کی مدد سے چلائی جائے۔
انہوں نے ایڈیٹر اِنچیف جنگ اور جیو گروپ میر شکیل الرحمان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صحافت کو میر شکیل الرحمان نے روشناس کرایا اور انہیں ہی قید کردیا گیا۔
یاسین جامڑوکا کہنا تھا کہ حکومت میرشکیل کوسچ بولنےکی اتنی بڑی سزا نہ دے، پورا ملک، انصاف لیبر یونین اور مزدور اس آواز کے ساتھ ہیں کہ میر شکیل کو رہا کیا جائے۔
دوسری جانب چیئرمین آل کراچی کیبلز آپریٹرز ایسوسی ایشن خالد آرائیں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ حق اور سچ کی آواز بلند کرنے والے میر شکیل الرحمان کے خلاف ظالمانہ اقدامات بند کیے جائیں۔
خالدآرائیں کا کہنا ہے کہ میر شکیل الرحمان کے خلاف 34 سال پرانے کیس کو اٹھانے کے پیچھے محرکات کچھ اور ہیں۔