17 جولائی ، 2020
کورونا وبا کے دوران سندھ میں نرسوں کی قلت کو پورا کرنے کے لیے سالانہ امتحانات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کنٹرولر نرسنگ بورڈ خیرالنساء میمن کے مطابق کورونا کی وبا میں نرسوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے امتحانات لینا لازمی ہے۔
کنٹرولر نرسنگ بورڈ نے بتایا کہ سندھ میں نرسنگ کے امتحانات 19 سے 24 جولائی تک ہوں گے اور امتحانات میں کورونا ضابطہ کار کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 46 امتحانی مراکز پر سینیٹائزر گیٹ نصب کیے گئے ہیں جب کہ طلبہ کو ماسک اور سینیٹائزر بھی فراہم کیا جائے گا۔
امتحان کے دوران 2 امیدواروں کی نشستوں کے درمیان 4 فٹ کا فاصلہ رکھاجائے گا۔
خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس سے 1952 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔
سندھ میں ڈاکٹرز اور دیگر پیرامیڈیکل اسٹاف بھی مہلک وائرس سے متاثر ہوا ہے جس کے بعد ٹیسٹنگ کا عمل بھی متاثر ہوا تھا۔