Time 06 اگست ، 2020
پاکستان

کریکر حملے میں زخمی جماعت اسلامی قائدآباد کے ناظم انتقال کرگئے

کراچی میں گزشتہ روز جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی میں ہونے والے دھماکے کا ایک زخمی دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق چھرے لگنے کے باعث رفیق تنولی شدید زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق رفیق تنولی کو پیٹ میں چھرے لگے تھے اور وہ اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق رفیق تنولی جماعت اسلامی قائدآباد کے ناظم تھے۔

 جماعت اسلامی کے علاقائی ناظم رفیق تنولی کی نماز جنازہ ادارہ نورحق کے سامنے نیو ایم اے جناح روڈ پر ادا کی گئی، شدید بارش کے باوجود نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ریلی پر حملہ بھارت نے کرایا مگر وہ مقامی ایجنٹس کے بغیر ایسا نہیں کرسکتا، حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ حملے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری گرفتار کرے اور کیفر کردار تک پہنچائے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر کی جدوجہد آزادی میں شامل ہے اور آئندہ اس سے بڑی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ریاستی ادارے کشمیر کے حق میں نکلنے والی ریلیوں کی حفاظت یقینی بنائیں۔

مرحوم کی میت تدفین کے لیے آبائی علاقے مانسہرہ روانہ کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر گذشتہ روز یوم استحصال کشمیر ریلی کے دوران کریکر دھماکہ ہوا تھا جس سے باعث 38 افراد زخمی ہوئے۔

اس وقت 12 افراد مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جبکہ دیگر افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر روانہ کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں :