20 اگست ، 2020
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کلیکٹر کسٹمز کی جانب سے فلسطینی سفیر احمد جواد ربیع کو جاری شوکاز نوٹس معطل کر دیا۔
کلیکٹر کسٹمز کی جانب سے فلسطینی سفیر احمد جواد ربیع کی گاڑی کو ضبط کرنے کے شوکاز نوٹس سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں ہوئی۔
احمد جواد ربیع کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سیکرٹری خارجہ کی رائے کے بغیر کسٹمز کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔
عدالت نے کلیکٹر کسٹمز کو فلسطینی سفیر کی گاڑی واپس کرنے کا حکم دیتے ہوئے شوکاز نوٹس معطل کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک کلیکٹر کسٹمز فلسطینی سفیر کے خلاف کوئی کارروائی نہ کریں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری خارجہ، ایف بی آر اور کلیکٹر کسٹمز کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے فلسطینی سفیر کی درخواست پر فریقین کو 2 ہفتے میں جواب جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔
یاد رہے کہ کلیکٹر کسٹمز نے فلسطینی سفیر کو گاڑی کی فروخت پر 4 اگست کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے فلسطینی سفیر کو بھیجے گئے نوٹس کو ویانا کنوینشن کے سفارتی استثنیٰ کی خلاف ورزی قرار دیا گیا تھا۔
فلسطینی سفیر نے کسٹمز کے نوٹس کے خلاف عدالت جانے کا بھی اعلان کیا تھا۔