Time 22 اگست ، 2020
پاکستان

بچوں کی لڑائی کی ویڈیو بنانے والی لڑکی پر گولی چلانے والا گرفتار

فیروز والا میں بچوں کی لڑائی کی ویڈیو بنانے والی لڑکی پر گولی چلانے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

کچھ روز قبل فیروز والا کی امامیہ کالونی میں ملزم غضنفر نے بچوں کی لڑائی کی ویڈیو بنانے والی لڑکی پر گولی چلادی تھی جس میں وہ بال بال بچ گئی تھی۔

ملزم کو  نہ لوگوں کا خوف نہ قانون کی فکر، ملزم نے پہلے بالائی منزل سے ویڈیو بنانے والی لڑکی کو للکارا اور پھر آؤ دیکھا نہ تاؤ، سیدھا فائر داغ دیا۔

نشانہ خطا ہوگیا اور لڑکی بال بال بچی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو پنجاب پولیس حرکت میں آئی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر پر سوال کھڑے ہوگئے ہیں کہ پولیس نے سیدھا فائر کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اپنی طرف سے لکھ دیا کہ ملزم ہوائی فائرنگ کررہا تھا تو کیا پولیس ملزم کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے؟

بعد ازاں میڈیا پر خبر چلنے اور دباؤ بڑھنے پر پولیس نے مقدمے میں اقدام قتل کی دفعہ شامل کر دی ہے۔

گولی چلانے والے ملزم غضنفر کو ضلع کچہری فیروزوالہ میں مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

مزید خبریں :