26 اگست ، 2020
کراچی اور بلوچستان کے بعض علاقوں کو پانی سپلائی کرنے والے حب ڈیم میں سطح آب 336 فٹ سے تجاوز کرگئی ہے اور ڈیم کو مکمل طور پر بھرنے میں صرف 3 فٹ باقی رہ گئے ہیں۔
ایسی صورت حال کے باوجود ڈیم اور اس کے نواحی علاقوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کی گئی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے متعلقہ عملہ ڈیم پر پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی آمد تیزی سے جاری ہے اور گزشتہ دو روز کے دوران حب ڈیم میں 4 فٹ تک پانی آیا تھا اور منگل کو دن بھر ڈیم کی سطح آب تیزی سے بلند ہوتی رہی یوں 10 گھنٹوں کے دوران حب ڈیم میں پانی کی سطح مزید 2 فٹ بلند ہوئی ہے۔
رات 8 بجے حب ڈیم کی سطح 336 فٹ سے تجاوز کر چکی تھی یوں گزشتہ تین دن کے دوران حب ٹیم میں 6 فٹ سے زائد پانی آیا ہے جب کہ ڈیم کے کیچمنٹ ایریا سے پانی کے مزید ریلے حب ڈیم پہنچ رہے ہیں۔
45 کلومیٹر تک کے رقبے پر پھیلے حب ڈیم میں پانی کا لیول 350 فٹ تک ہے تاہم 339 فٹ کی سطح پر پانی جمع ہونے پر ڈیم مکمل طور پر بھر جاتا ہے اور اضافی پانی ڈیم کے اسپل ویز سے خارج ہونا شروع ہو جاتا ہے جو حب ندی کے راستے سمندر میں جا گرتا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق ماضی میں 330 فٹ کی سطح کے بعد حب ڈیم پر ہنگامی صورت حال نافذ کردی جاتی تھی اور ڈیم کے اطراف کے بند مضبوط کرنا شروع کر دیے جاتے تھے، اسپل وے سے پہلے حب ڈیم کے اضافی پانی کے اخراج کے ہنگامی گیٹ کی بجلی کی موٹرز کی چیکنگ کی جاتی تھی مگر اس بار ایسا نہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈیم کے ہنگامی گیٹ کی بجلی منقطع ہوچکی ہے اور سالوں سے الیکٹرک کیبل غائب ہے اسے بحال کرنے کی کوئی کوشش نہیں دیکھی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ زراعت کا عملہ تو منگل کی شام حب ڈیم پہنچ چکا تھا مگر ڈیم کا اصل انتظام واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی( واپڈا) کے پاس ہے جس کے حکام منگل کو ڈیم پر موجود نہیں دیکھے گئے۔
ہنگامی صورت حال پر قابو پانے کے لیے کوئی مشینری ڈیم پر پہنچی ہے اور نہ ہی ایسے کوئی اقدامات نظر آ رہے ہیں۔
واپڈا ذرائع کے مطابق ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ڈیم جلد مکمل طور پر بھرنے کی توقع کی جا رہی ہے جس بعد اسپل ویز سے پانی کا اخراج شروع ہو جائے گا۔