پاکستان

کراچی کی سبزی منڈی میں نکاسی آب کے بعد معطل امور بحال

مزید بارشیں نہ ہوئیں تو پیر تک سبزی و فروٹ منڈی کی صفائی کا کام مکمل ہو جائے گا، وائس چیئرمین مارکیٹ کمیٹی،فوٹو: جیو نیوز

کراچی میں سپر ہائی وے پر واقع ایشیا کی سب سے بڑی سبزی و فروٹ منڈی میں بارشوں کے بعد سے معطل امور بحال کر دیے گئے ہیں اور بجلی بھی بحال کرادی گئی ہے۔

مارکیٹ کمیٹی کراچی کے وائس چیئرمین آصف احمد کے مطابق کراچی کے دیگر علاقوں کی طرح سپر ہائی وے پر واقع سبزی و فروٹ منڈی میں اطراف کے بالائی علاقے سے آنے والے کئی فٹ پانی کی نکاسی کر دی گئی ہے۔

 وائس چیئرمین مارکیٹ کمیٹی آصف احمد کے مطابق سبزی منڈی نشیبی علاقہ ہونے کی وجہ سے اطراف سے آنے والے پانی کے ساتھ کچرا اور مٹی بھی جمع ہو جاتی ہے اور اگر پانی کھڑا رہے تو تعفن پھیل جاتا ہے، پانی نکالنے کے بعد بھی منڈی میں بدبو رہتی ہے۔

آصف احمد کے مطابق پانی کی نکاسی کے بعد مٹی اور کچرا بھی اٹھا دیا گیا ہے جب کہ منڈی کی کچی سڑکوں اور گلیوں سے بھی کچرہ اٹھایا جا رہا ہے۔

 وائس چیئرمین مارکیٹ کمیٹی کا کہنا ہے کہ کراچی میں مزید بارشیں نہ ہوئیں تو پیر تک سبزی و فروٹ منڈی کی صفائی کا کام مکمل ہو جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بارش کے بعد سبزی و فروٹ منڈی کی بجلی منقطع ہوگئی تھی جو دوسرے دن جمعہ کی شام تک بحال کرادی گئی تھی۔

مزید خبریں :