پاکستان
Time 06 ستمبر ، 2020

’افواج نے جنگی مہارت اور جذبہ ایمانی کے ساتھ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا‘

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور جذبہ ایمانی نے آج پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔

یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر عارف علوی نے کہا کہ اس دن افواج پاکستان نے جرات مندی و پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی، آزمائش کے ان لمحات میں افواجِ پاکستان بہادری سے لڑیں، قوم کا ہر فرد اور ہر طبقہ وطن کا محافظ بن گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن پوری قوم شہدائے وطن کو سلام پیش کرتی ہے، قوم شہدائے وطن کے اہل خانہ کے جذبہ استقلال کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، شہداء کے اہل خانہ نے وطن کی حفاظت اور سلامتی کی خاطر اپنے پیاروں کی قربانی دی۔

صدر مملکت نے کہا کہ جذبہ ستمبر 1965 ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے، ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور جذبہ ایمانی نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دفاعی میدان میں ہم خود انحصاری کی منزل حاصل کر چکے ہیں، ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ملک کے اندرونی استحکام میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے خطے کے امن اور سلامتی کے لیے بھی مثبت اور سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا بدقسمتی سے ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے، دشمن ہمارے اندرونی استحکام کو نقصان پہنچانے کی خفیہ سازشوں میں بھی ملوث ہے، دشمن کا یہ جارحانہ رویہ خطے کے امن اوراستحکام کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی اٹل اور واضح ہے کہ دفاع اور سلامتی پر ہرگز سمجھوتا نہیں کریں گے، دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کشمیریوں کی اصولی حمایت جاری رکھیں گے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کا حقِ خودارادیت کے حصول تک ساتھ دیتے رہیں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آزمائشوں میں حوصلے کا مظاہرہ کرنے والی اقوام مضبوط سے مضبوط تر ہوتی ہیں، ہم نے بیرونی جارحیت کو شکست دی، دہشت گردی اور انتہاپسندی پر قابو پایا، اب ہم معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مادر وطن پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے عظیم ہیروز کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں، آج کے دن ہم سب یہ عہد کریں کہ اپنے دلوں میں جذبہ ستمبر بیدار ررکھیں گے، عہد کریں کہ وطن کی سلامتی، تحفظ اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں :