پاکستان
Time 07 ستمبر ، 2020

عثمان بزدار نے اکرم گوندل کو شراب لائسنس کا ذمہ دار قرار دیدیا

فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) کے سوالنامے کے جواب میں جمع کرائے گئے جواب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے مؤقف اپنایا کہ نا تو وہ اور نا ہی پنجاب کے چیف سیکریٹری یا ان کے پرنسپل سیکرٹری کا شراب لائسنس کی منظوری میں کسی بھی طرح کا کردار ہے۔

شراب کا لائسنس 19جنوری 2019 کو جاری کیا گیا تھا اس حوالے سے مئی میں اسی سال ایک خبر سامنے آئی تھی جس کے بعد ایکسائز سیکریٹری نے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے یہ لائسنس منسوخ کر دیا تھا تاہم لائسنس وصول کرنے والوں نے اسے لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا اور اسے بحال کروا لیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف پنجاب حکومت انٹرا کورٹ اپیل میں چلی گئی ہے۔ 

گزشتہ ماہ سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل نے وزیر اعلیٰ کے خلاف اہم گواہ بننے کے لیے نیب میں درخواست داخل کی تھی۔ 

اکرم اشرف گوندل نے نیب کو بتایا کہ انہیں متعدد بار پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے بلایا گیا اور وزیر اعلیٰ کے احکامات پہنچائے گئے کہ لاہور ہوٹل کو یہ لائسنس جاری کیا جائے۔ 

نیب کو دیے گئے ان کے بیان میں اکرام اشرف گوندل نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دفتر  وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا تھا کہ شراب کے لائسنس کی منظوری پالیسی اور قواعد کے خلاف ہو گی جیسا کہ نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سیز) مکمل نہیں۔ 

اپنے جواب میں عثمان بزدار نے دلیل دی کہ ایسے لائسنس جاری کرنے کا اختیار قانون کے تحت ایکسائز ڈائریکٹر جنرل کے پاس ہے اور وزیر اعلیٰ کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ 

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماضی میں 11 لائسنس جاری کیے گئے جن میں سے دو ایکسائز چیف اور دو گورنر کی جانب سے جاری کیے گئے۔

مزید خبریں :