Time 08 ستمبر ، 2020
پاکستان

ڈاکٹر ماہا کی قبرکشائی کی درخواست مسترد

عدالت نے ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی کی درخواست مسترد کردی۔

 میرپورخاص کی سیشن کورٹ نے ڈاکٹر ماہا کی قبرکشائی کی درخواست مسترد کی۔

عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ واقعے کا مقدمہ گزری تھانے کراچی میں درج ہوا اور ایس ایس پی ساؤتھ نے متعلقہ مجسٹریٹ یا ٹرائل کورٹ سےاجازت نامہ حاصل نہیں کیا اس لیے ڈاکٹر ماہا علی کی قبر کشائی کی درخواست منظور نہیں کی جاسکتی۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ خودکشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا کے کیس میں  ملزم جنید اور وقاص کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی ہے۔

سرکاری وکیل نے  عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر قبرکشائی کے لیے میرپور خاص گیا ہواہے ۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج جنوبی نے  پولیس فائل نہ ہونے اور تفتیشی افسر کی عدم موجودگی پر سماعت جمعرات 10ستمبر تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ڈیفنس میں خاتون ڈاکٹر ماہا علی نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔

ڈاکٹرماہا علی کی تدفین ان کے آبائی علاقے میرپورخاص کے قریب گاؤں گروڑ شریف میں کی گئی تھی، ڈاکٹر ماہا علی کی مبینہ خودکشی پرپولیس نے عدالت سے قبرکشائی کی اجازت طلب کی تھی جو کہ مسترد کردی گئی۔

مزید خبریں :