17 ستمبر ، 2020
وزیراعظم عمران خان 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ نے وزیراعظم کے خطاب کی ترتیب سےمتعلق پاکستان کو مطلع کردیا ہے، وزیراعظم کا جنرل اسمبلی میں دوپہر کے سیشن میں خطاب تیسرے نمبر پر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق 25 ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 11:45 پر وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھایا تھا اور اس بات بھی امکان ہے کہ ان کی تقریر میں مسئلہ کشمیر کو ہی مرکزیت حاصل ہوگی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث رواں سال اقوام متحدہ کی جنرل ا سمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے عالمی رہنما نیویارک میں جمع نہیں ہوں گے۔
193 ارکان پر مبنی جنرل اسمبلی نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ تمام رہنما اپنا ویڈیو بیان بھیجیں گے۔
فیصلے کے مطابق تمام حکمران پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغام بھیج سکتے ہیں جو کہ اجلاس کے دوران نیویارک میں موجود تمام ملکوں کے مندوبین کی جانب سے تعارف کے بعد پیش کیا جائے گا۔