Time 02 اکتوبر ، 2020
پاکستان

نواز شریف کے اثاثوں کی مکمل تفصیلات سامنے آگئیں

توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری ملزم نواز شریف کی کمپنیوں اور شیئرز کی مکمل تفصیلات سامنے آگئیں۔

نیب کے تفتیشی افسر محمد راحیل اعظم نے احتساب عدالت میں رپورٹ جمع کرائی جس میں بتایا گیا کہ نواز شریف کے اثاثوں کے لیے الیکشن کمیشن، ایف بی آر اور ایس ای سی پی کو خطوط لکھے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایس ای سی پی کے مطابق نوازشریف کے 4 کمپنیوں میں شیئرز ہیں۔

نیب رپورٹ کے مطابق محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں نواز شریف کے 4 لاکھ 67 ہزار 950 شیئرز ہیں جب کہ حدیبیہ پیپر ملز میں نواز شریف 3 لاکھ 43 ہزار 425 شیئرز کے مالک ہیں۔

عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں نواز شریف کے شیئرز کی تعداد 22 ہزار 213 اور اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں 48 ہزار606 ہے۔

نیب رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کے مختلف نجی بینکس میں 3 غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکاؤنٹس ہیں، نوازشریف کے 5 بینک اکاؤنٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں جب کہ

رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے غیر ملکی کرنسی والے اکاؤنٹس میں 566 یورو، 698 امریکی ڈالرز اور 498 برطانوی پاؤنڈز موجود ہیں۔

احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام 1752 کنال سے زائد زرعی اراضی ہے جس میں سے لاہور کے موضع مانک میں 936 کنال، موضع بڈوکسانی میں 299 کنال زرعی اراضی شامل ہے۔

اس کے علاوہ لاہور کے موضع مال رائے ونڈ میں 103 کنال، موضع سلطان میں 312 کنال اراضی بھی نوازشریف کے نام ہے۔

نیب رپورٹ کے مطابق شیخوپورہ کے موضع منڈیالی میں بھی نواز شریف کے نام 14 کنال اور موضع فیروز وطن میں 88 کنال اراضی شامل ہے۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس لاہور اور اسلام آباد کے مطابق نواز شریف کے نام پر 3 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں جس میں ایک لینڈ کروزر، 2 مرسڈیز شامل ہیں، اس کے علاوہ نواز شریف 2 ٹریکٹرز کے بھی مالک ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت راولپنڈی نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی جائیداد ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جب کہ نیب کی جانب سے نواز شریف کی جائیداد کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئی تھیں۔

مزید خبریں :