Time 13 اکتوبر ، 2020
پاکستان

مولانا عادل خان کے قتل میں ملوث ایک ملزم کا خاکہ جاری

پولیس نے کراچی میں گذشتہ دنوں شہید ہونے والے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں میں سے ایک ملزم کا خاکہ جاری کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق کورنگی پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کا خاکہ تیارکیا ہے اور ملزم کا خاکہ عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تیارکیا گیا ہے۔

پولیس کاکہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں جاری ہیں۔

خیال رہےکہ مولاناعادل اور ان کے ڈرائیور کو گزشتہ ہفتے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے شہیدکردیا تھا۔

پولیس کی مدعیت میں مولانا عادل اور ڈرائیور کے قتل کا مقدمہ شاہ فیصل تھانے میں درج کیا گیا ہے جس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق 3 ملزمان جس میں سے ایک نے شلوار قمیض اور دو نے پینٹ شرٹ پہنچ رکھی تھی،گاڑی پر پستول سے فائرنگ کی اور موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگئے۔

پولیس کی جانب سے جاری کیا گیا خاکہ — فوٹو: جیو نیوز

 آئی جی سندھ مشتاق مہر نے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور مقصود کی شاہ فیصل کالونی میں قتل کی تحقیقات کیلئے کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی سربراہی میں 4 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے۔

 4 رکنی ٹیم میں کراچی پولیس چیف سمیت ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) عمر شاہد، ڈی آئی جی شرقی نعمان صدیقی اور ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ شامل ہیں۔

مزید خبریں :