15 اکتوبر ، 2020
لاہور : کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی سی پی او) لاہور عمرشیخ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس پی سی آئی اے) عاصم افتخار کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق جھگڑے کے دوران میٹنگ میں موجود دیگر افسران نے بیچ بچاؤ کرایا۔
ذرائع کے مطابق موٹروے گینگ ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کے معاملے پر اعتماد میں نہ لینے پر سی سی پی او عمر شیخ ایس پی سی آئی اے پر برہم ہوئے۔
ذرائع کے مطابق سی سی پی او عمر شیخ اور ایس پی عاصم افتخار میں تلخ جملوں کاتبادلہ ہوا۔
سی سی پی او نے ایس پی سی آئی اے کو سیف سٹی اتھارٹی طلب کیا تھا جہاں دونوں میں تلخ کلامی ہوئی، اس کے بعد ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار میٹنگ چھوڑ کرچلےگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی پی او نے ایس پی سی آئی اے کو مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دی جس پر ایس پی سی آئی اے نے کہا کہ میں سپاہی نہیں ہوں جو مقدمہ درج کریں گے۔
اس حوالے سے مؤقف جاننے کیلئے سی سی پی او لاہور عمر شیخ سے بات کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے واقعے کے بارے میں بات کرنے سے انکار کردیا اور صرف نو کمنٹس کہا۔