پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2020

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹک ٹاک کی بندش پر تحریری حکم جاری کردیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چینی ایپ  ٹک ٹاک پر بندش کے فیصلے کو فوری معطل کرنے کی درخواست پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو نوٹس جاری کردیا۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس اطہرمن اللہ نے ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت کا 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق ٹک ٹاک پر پابندی کی مرکزی پٹیشن کے ساتھ ٹک ٹاک پر بندش کے فیصلے کو فوری معطل کرنے کی حکم امتناع کی درخواست پر بھی پی ٹی اے کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

عدالت نے حکم امتناع کی درخواست پر پی ٹی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ وہ بتائے کہ کیس کے حتمی فیصلے تک کیوں نہ پی ٹی اے کا فیصلہ معطل کردیا جائے؟

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے جو سوالات اٹھائے وہ توجہ طلب ہیں۔

صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے)، سابق صدر مظہر عباس، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل اور سابق وزیر اطلاعات جاوید جبار کو عدالتی معاونین مقرر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ معاونین پی ٹی اے کے اختیارات کے مبینہ غلط استعمال پر معاونت کریں۔ 

عدالت نے پی ٹی اے کے سینیئر افسر کو بھی آئندہ سماعت پر 23 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے چینی سوشل میڈیا ایپ ٹِک ٹاک پر پابندی عائد کی تھی۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ معروف سوشل میڈیا ایپ پر پابندی غیر قانونی و غیر اخلاقی مواد کو روکنے کیلئے مؤثر مکینزم تیار کرنے پر ناکامی پر لگائی گئی ہے۔

مزید خبریں :