Time 25 اکتوبر ، 2020
پاکستان

مسلم لیگ ن نے اورنج لائن میٹروٹرین کاعلامتی افتتاح کردیا

لاہور میں پنجاب حکومت کی جانب سے اورنج لائن ٹرین کے افتتاح کے موقع پر اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے بھی اورنج لائن میٹرو ٹرین کا علامتی افتتاح کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نےلاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبےکا افتتاح کیا، اس موقع پر  چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ اور چینی سفیر بھی شریک ہوئے۔

دوسری جانب لاہور میں ن لیگ نے بھی اورنج لائن میٹروٹرین کا افتتاح کیا اور انارکلی اسٹیشن پر جشن منایا، لیگی رہنماؤں نے لاہور کے شہریوں کو مبارک باد دی اور نواز شریف اور شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

خواجہ سعد رفیق کاکہنا تھاکہ حکومت کو اورنج لائن ٹرین کے افتتاح پر ان کا جشن برداشت نہیں ہورہا، پنجاب حکومت نے رات انہیں گرفتار کرنے کا پروگرام بنا لیا تھا۔

سابق وزیر ریلوےکاکہنا تھا کہ آئین اور قانون کی حکمرانی مانگنے پر مسلم لیگ ن کے رہ نماؤں کو جیلوں میں ڈال دیاجاتا ہے، آپ سلیکٹڈ تھے، سلیکٹڈ ہیں اورسلیکٹڈ کی حالت میں ہی تشریف لے جائیں گے، کیا کسی وزیراعظم کو لوگوں کی نقلیں اتارنا زیب دیتا ہے۔

ایاز صادق نےکہاکہ فیتا کاٹنے والے دل میں کتنے شرمند ہوں گے کہ 2 سال روک کر بھی چلانی پڑگئی۔

ان کاکہنا تھاکہ عوام پوچھتےہیں کہ اس حکومت سے کب جان چھوٹے گی؟ وہ وقت دور نہیں جب حکومت سے نجات مل جائےگی۔

صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب سلیمان شہباز نے سوشل میڈیا پر شہبازشریف کی تصویر شیئرکرتے ہوئےکہا کہ اورنج لائن ٹرین کا خیال پیش کرنے والا سلاخوں کے پیچھے ہے۔

 دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ردعمل میں کہاکہ نیب زدگان اورنج لائن میٹروکا خود ساختہ افتتاح کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :