دنیا
Time 04 نومبر ، 2020

امریکا عالمی ماحولیاتی معاہدے سے علیحدہ ہو گیا

فوٹو: فائل

امریکا باضابطہ طور پر پیرس میں طے پانے والے عالمی ماحولیاتی معاہدے سے علیحدہ ہو گیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا عالمی ماحولیاتی معاہدے سے علیحدہ ہونے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے 2017 میں پیرس معاہدے سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن امریکا باضابطہ طور پر صدارتی الیکشن والے روز عالمی ماحولیاتی معاہدے سے علیحدہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ عالمی ماحولیاتی معاہدہ 2015 میں پیرس میں طے پایا تھا جس میں دنیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے بچانے کے لیے اقدامات کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔

اس معاہدے کا مقصد ہے کہ اس صدی تک عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رکھا جائے اور عالمی درجہ حرارت کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک لے جانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

پیرس معاہدے سے قبل ہونے والا عالمی ماحولیاتی معاہدہ جسے کیوٹو معاہدے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، وہ بھی امریکا کی اندرونی سیاست کی نذر ہو گیا تھا۔

امریکی صدر بل کلنٹن 1997 میں طے پانے والے کیوٹو معاہدے کے حوالے سے سینیٹ کی منظوری حاصل نہیں کر سکے تھے۔

مزید خبریں :