امریکی انتخابات: ایوان نمائندگان میں کس پارٹی کو برتری حاصل ہے؟

امریکا میں 3 نومبر کو صدارتی انتخاب کے ساتھ ایوان زیریں ( ایوان نمائندگان) اور ایوان بالا (سینیٹ) کے انتخابات بھی منعقد ہوئے ہیں اور اب ان کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان کی کل435 نشستیں ہیں اور 3 نومبر کو ان تمام نشستوں پر انتخاب ہوئے ہیں۔

اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان (صدر کا انتخاب اس سے الگ ہے) میں  ڈیموکریٹک پارٹی نے181نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ ری پبلکن پارٹی 172سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جب کہ 82 نشستوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔

ری پبلکن پارٹی کی کوشش ہے کہ اس مرتبہ ایوان میں اکثریت حاصل کی جائے تاکہ ٹرمپ کی کامیابی کی صورت میں قانون سازی میں آسانی ہو جب کہ ڈیموکریٹس کی بھی خواہش ہے کہ وہ اپنی برتری کا دفاع کریں تاکہ صدارتی انتخاب میں بائیڈن کی کامیابی یا ناکامی دونوں صورتوں میں ایوان زیریں میں اپنی برتری قائم رکھ کر ٹرمپ کی جانب سے من پسند قانون سازی کو روک سکیں۔

خیال رہے کہ امریکا میں ایوان نمائندگان کے اراکین کا انتخاب 2 سال کے لیے ہوتا ہے اور اس ایوان میں اکثریت کے لیےکل 218 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔

اس سے قبل امریکا میں 2018 میں ایوان نمائندگان کے انتخاب ہوئے تھے جس میں ڈیموکریٹک پارٹی نے 232 نسشتوں کے ساتھ اکثریت حاصل کی تھی اور ایوان زیریں میں نینسی پلوسی کو قائد ایوان لانے میں کامیاب ہوئے تھے جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کی ایوان نمائندگان میں 198نشستیں تھیں۔

مزید خبریں :