13 نومبر ، 2020
لاہور: پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کے 7 ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت پر ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت 9 نومبر کو ہونے والے ٹیسٹوں کی رپورٹ میں پنجاب اسمبلی کے 7 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
جن ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ان میں 2 ملازمین کا تعلق سوالات برانچ ، 3 کا سیکورٹی اسٹاف جب کہ 2 ملازمین کا تعلق مختلف برانچوں سے ہے۔
کورونا وائرس کا شکار ملازمین کو اسمبلی سیکرٹریٹ آنے سے روک دیا گیا ہے جب کہ اسمبلی سیکرٹریٹ میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد مزید سخت کر دیا گیا ہے۔