پی ایس ایل کیلئے کراچی میں مقیم ملکی و غیر ملکی کرکٹرز کیا کر رہے ہیں؟

بابر اعظم اسنوکر کھیلتے ہوئے— فوٹو جیو نیوز

پاکستان سپر لیگ کے لیے کراچی کے ہوٹل میں مقیم ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز نے وقت گزارنے کے لیے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کردیا۔

کچھ کرکٹرز انڈور گیمز میں مصروف ہیں تو کچھ نے ہوٹل کی راہداری میں ہی ہے کرکٹ شروع کردی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل میں شریک پلیئرز اور آفیشلز کو کورونا سے بچانے کے لیے بائیو سیکیور ببل بنایا ہے جس کی وجہ سے کرکٹرز کی سرگرمیاں ہوٹل تک ہی محدود رہ گئی ہیں اور ان کو باہر جانے کی اجازت نہیں۔

تاہم ان کے لیے ہوٹل میں مختلف سرگرمیوں کا بندوبست کیا گیا ہے جس کا پلیئرز بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

— فوٹو جیو نیوز
— فوٹو جیو نیوز

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بالر وہاب ریاض نے تو ہوٹل کی راہداری میں ہی کرکٹ شروع کردی لیکن منظر کچھ ایسے تبدیل تھا کہ بابر اعظم بالنگ کروا رہے تھے اور وہاب ریاض بلا تھامے دفاع کر رہے تھے جب کہ امام الحق ساتھ کھڑے حوصلہ افزائی کرتے رہے۔

دوسری جانب کھلاڑی ہوٹل میں اسنوکر اور ٹیبل ٹینس سمیت مختلف انڈور اسپورٹس میں بھی حصہ لے رہے ہیں تاکہ کمرے میں بیٹھے بیٹھے تنگ ہونے سے محفوظ رہا جاسکے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز کراچی میں 14 سے 17 نومبر تک کھیلے جائیں گے جس کے لیے پاکستانی اور غیر ملکی کرکٹرز کراچی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں مقیم ہیں۔

مزید خبریں :