13 نومبر ، 2020
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کے کھلاڑی شاہد آفریدی نے کہا ہےکہ سپر لیگ کے بقیہ میچز کیلئے تیار ہیں جبکہ اسٹیڈیم میں فینز کے بغیر کرکٹ ادھوری ہے، میدان میں کراؤڈ کی کمی محسوس کریں گے۔
شاہد آفریدی پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے اور اس حوالے سے سابق کپتان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل جب رکا تھا تب سے کوئی میچ نہیں کھیلا، ایک بار پھر ایکشن میں آنے کیلئے پرجوش ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل میں شریک ہر فرد لیگ کے دوبارہ آغاز پر بے حد خوش ہے، ٹیم مالکان بھی پرجوش ہیں جو ٹیمیں پچھلے سیزن میں اچھا نہیں کرسکی تھیں، وہ اس بار اچھی پوزیشن میں ہیں۔
اپنی ٹیم کے حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا تھاکہ ملتان کا کمبی نیشن کافی اچھا ہے، ٹیم نے دونوں وارم اپ میچز جیتے۔
انہوں نے کہا کہ وہ آخری بار پی ایس ایل میں ہی ایکشن میں تھے اور ایک بار پھر پی ایس ایل میں دوبارہ ایکشن میں ہوں گے اور کافی فٹ محسوس کررہے ہیں۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ تماشائیوں کی کمی میدان میں محسوس کریں گے، پورا کیریئر کراؤڈ کے سامنے کھیلا اور انجوئے کیا، اسٹیڈیم میں فینز کے بغیر کرکٹ ادھوری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے احتیاط بھی ضروری ہے، امید ہے فینز گھر پر انجوائے کریں گے۔