Time 02 دسمبر ، 2020
پاکستان

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا حتمی فریم ورک تیار

ملک کے سب سے بڑے شہر کے لیے سب سے بڑے منصوبے'کراچی ٹرانسفارمیشن پلان' کا حتمی فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے۔

جیو نیوز نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حتمی فریم ورک کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاقی حکومت نے آئندہ 3 برس میں کراچی کے بڑے منصوبوں کے لیے 739 ارب روپے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومتی معاشی ٹیم نے نجی ہاؤسنگ اسکیم سے سپریم کورٹ کی ریکور کردہ جرمانے کی رقم کراچی پر خرچ کرنے اور عالمی مالیاتی اداروں سے بھی فنڈز حاصل کرنے کی سفارش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت حکومت نے بے گھر افراد کی بحالی کا فیصلہ کیاہے جس کے کثیرالمنزلہ فلیٹس تعمیر ہوں گے، فنڈز وفاقی حکومت اور اراضی حکومت سندھ فراہم کرے گی۔

اس کے علاوہ وفاقی حکومت نے کراچی کے ندی نالوں کی صفائی اور تجاوزات کے مکمل خاتمے کی ذمہ داری سندھ حکومت کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ کراچی کے منصوبوں پر فوری ایکشن این ڈی ایم اے، وزارت آبی وسائل، ایس آئی ڈی سی ایل، ریلویز سے کرایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت گریٹر کراچی واٹر سپلائی منصوبے کے لیے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، کراچی سرکلر ریلوے اور گرین لائن بس منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے فوری فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی حکومت نے کے پی ٹی سے پپری تک ڈبل ریلوے لائن ٹریک کے لیے فنڈز فراہم کرنے کافیصلہ کیا ہے، حتمی فریم ورک پر عمل درآمد کی کل ای سی سی اور پھر وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائےگی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال ستمبر میں کراچی ٹرانسفارمیشن منصوبے کا فریم ورک تیار کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :