08 دسمبر ، 2020
اسلام آباد: این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے سب سے زیادہ مثبت کیسز کا تناسب کراچی میں 21.80 فیصد ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا کیسز میں دوسرے نمبر پر میرپور آزاد کشمیر ہے جہاں مثبت کیسز کا تناسب 18.31 فیصد رہا۔
این سی اوسی کے مطابق سندھ میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 13.87 فیصد، آزاد جموں کشمیر 9.77 فیصد، بلوچستان 8.68 فیصد، خیبر پختونخوا 9.67 فیصد، اسلام آباد 4.88 فیصد اور پنجاب میں 4 فیصد ہے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.78 فیصد ہے جب کہ مظفرآباد میں 16 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہےکہ ملک بھر میں کورونا کے 2486 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
واضح رہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے 5 ماہ کے عرصے میں ریکارڈ 89 اموات ہوئی ہیں اور 2885 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8487 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 23179 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 44218 ہے۔