Time 15 دسمبر ، 2020
پاکستان

ہمارے استعفے ایٹم بم ہیں، استعمال کی حکمت عملی پی ڈی ایم بنائےگی، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ ہمارے استعفے ایٹم بم ہیں، استعمال کی حکمت عملی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مل کر بنائے گی۔

بلاول نےکوٹ لکھپت جیل لاہور میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملاقات کی اور ان کی والدہ  بیگم شمیم اخترکے انتقال پرتعزیت کی اور فاتحہ پڑھی، اس موقع پر  راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان اورقمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔

شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول کاکہنا تھاکہ حکومت کی ضد اور انا کی وجہ سے شہباز شریف کو جیل میں ڈالا گیا ہے، نالائق اور نااہل حکمرانوں میں تنقید برداشت کرنے کی ہمت نہیں، خورشید شاہ اور شہباز شریف دونوں کو ناجائز جیل میں ڈالا گیا ہے۔

بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھاکہ عوام مہنگائی کی سونامی میں ڈوب رہے ہیں،حکمرانوں میں اہلیت نہیں کہ حکومت چلاسکیں،عمران خان ٹوئٹر پر وزیراعظم بننے پر خوش ہیں، حکومت نے ہمیشہ چاہا اپنے مخالفین اور ناقدین کو جیل میں رکھے، یہی وجہ ہےکہ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے استعفے ایٹم بم ہیں ،حکمت عملی پی ڈی ایم مل کر بنائے گی، پی ڈیم ایم ایک پیج پر ہے اور جمہوریت بحالی کا ایک ہی مقصد ہے،ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں حقیقی جمہوریت بحال ہو جو عوام کی نمائندہ ہو۔

ایک سوال پر انہوں نےکہاکہ جب کٹھ پتلی وزیراعظم ہے تو نیشنل ڈائیلاگ کہاں ؟ ملک کو بحران سے نکالنا ہےتو عمران خان وزیراعظم کی ناجائزکرسی چھوڑ دیں،اسپیکر بات کرنے کی اجازت نہیں دیتے تو کون سے قومی مذاکرات کی بات؟ حکمرانوں کے لیے31 جنوری تک کی مہلت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹا آدمی چور چور کا شورمچاتاہے لیکن کسی کو سزا نہیں دی،عمران خان نے کرپشن کرنے والے ہر مافیا کو تحفظ دیا ہے،  مخالفین پر الزام تو لگاتے ہیں لیکن کسی کو عدالت سے سزا نہیں ہوسکی، آصف زرداری نے 11سال جیل کاٹی لیکن باعزت بری ہوئے۔

مزید خبریں :