16 دسمبر ، 2020
افغان طالبان کے وفد کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات، ہوئی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات سے متعلق قواعد و ضوابط پر اتفاق انتہائی خوش آئند ہے، افغانستان میں قیام امن کا واحد راستہ نتیجہ خیز اور جامع مذاکرات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ کثیرالجہتی برادرانہ مراسم کے فروغ کا متمنی ہے۔
ملاقات میں افغان طالبان سیاسی کمیشن کے وفد کی سربراہی ملا عبدالغنی برادر نے کی۔
دفتر خارجہ اسلام آباد میں دوران ملاقات افغان امن عمل میں پیش رفت پر تفصیلی بات چیت کی گئی، طالبان وفد سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سب تسلیم کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ طالبان اس بات پر قائل ہیں کہ افغان لڑائی کا جاری رہنا کسی کے مفاد میں نہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ طالبان افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کے معترف ہیں۔