Time 17 دسمبر ، 2020
پاکستان

وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے کے بیان پر ن لیگ کے دو رہنما آمنے سامنے آ گئے

فوٹو: فائل

وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے سے متعلق بیان پر مسلم لیگ ن کے دو مرکزی رہنما آمنے سامنے آ گئے۔ 

لاہور میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی سربراہی ن لیگ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، پرویز رشید، پرویز ملک، افضل کھوکھر، روحیل اصغر اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کی وضاحت مریم نواز میڈیا سے گفتگو میں کریں گی۔

اجلاس میں شرکت سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کا کہنا تھا کہ وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے والوں کو سیاسی خود کشی کرنی ہے تو کر لیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کی جانب سے وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے کے الزامات سے متعلق سوال پر روحیل اصغر کا کہنا تھا کہ ان میں اتنی اخلاقی جرات ہونی چاہیے کہ دونوں جانب کھیلنے والے کا نام لیں۔

جاوید لطیف کے الزامات کے حوالے سے شیخ روحل اصغر کا کہنا تھا کہ میں ایسی فضول باتیں نہیں سنتا۔

لاہور جلسے کی کامیابی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ جلسے جب ایک حد سے گزر جائیں تو تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔

مزید خبریں :